گیت
اک بستی جانی پہچانی، یہ دھُن تو ہے
بہت پرانی
دل میں ہے دھیان ہمارے
نیلے منڈل کے تارے
اور چندر جوت کے دھارے
سب گائیں میٹھی بانی
اک بستی جانی پہچانی، یہ دھُن تو ہے
بہت پرانی
دل کو ہے رس کا بندھن
اِس اُجلی رات کا جوبن
آکاش کا اونچا آنگن
ظاہر میں ہے لافانی
اک بستی جانی پہچانی، یہ دھُن تو ہے
بہت پرانی
تُو آئی، میں بھی آیا
دونوں نے قول نبھایا
لیکن ہر بات ہے مایا
جگ کی ہر بات ہے فانی
سب فانی، فانی۔۔ فانی۔۔ یہ دھُن بھی ہے
بہت پرانی
(میرا جی کے گیت)
No comments:
Post a Comment