Sunday, 11 June 2017

"Billi Ka Bacha" A Famous Urdu Short Story by Rajinder Singh Bedi












بِلّی کا بچّہ
راجندر سنگھ بیدی
 کچھ نہیں۔ کوئی کام نہیں تھا، ایسے ہی چھٹپٹا کے باہر نکل گیا تھا۔
سر حد پر لڑائی کے کارن سب کاروبار سُست ہو گئے تھے۔ زندگی میں جس ارتعاش کو ہم ڈھونڈا کرتے ہیں، وہ لڑنے کے لیے محاذ پہ چلا گیا تھا اور جو بچ رہا تھا،روزانہ اخباروں میں سمٹ آیا تھا۔ بار بار پڑھنے جانے کے باوجود آدھ پون گھنٹے میں ختم ہو جاتے تھے۔
نوعمری میں ایسا ہوتا تھا۔ ایک مبہم سے احساس کے ساتھ باہر نکل جاتے تھے— آج کچھ ہونے والا ہے!… ہوتا ہواتا جب بھی کچھ نہ تھا، چنانچہ آج بھی کچھ نہ ہوا، سواے اس واقعے کے جس کے بارے میں آپ کو بعد میں بتاؤں گا
میرے ساتھ بے کاروں کی پوری کی پوری پلاٹون تھی، جیسے کوئی فوجی دستہ دشمن کی نقل و حرکت بھانپنے کے لیے نکل جاتا ہے، اسی طرح ہم بھی نکل جاتے تھے اور اس اسٹوڈیو سے اُس اسٹوڈیو تک گھومتے رہنے کے بعد شام کو برٹورنی پہنچ جاتے، جہاں تلے ہوئے نمکین کاجو کے ساتھ چائے یا کافی کی ایک آدھ پیالی پی لیتے اور پھر ایک دوسرے کی طرف دیکھنے لگتے—کون بل دینے کے لیے اپنی جیب میں ہاتھ ڈالتا ہے؟ تھوڑی دیر کے بعد، اپنی جیب کی بجائے ہم ایک دوسرے کی جیب میں ہاتھ ڈالنے لگتے، جو ہوتے ہوتے گریبان تک پہنچ جاتے، آخر بل کون دیتا؟— میں! بے کاری کا احساس جس کی ہڈیوں تک میں بس گیا تھا—باپ رے!
کوئی بے کاری سی بے کاری تھی؟
رات کو دیکھ کے دن یاد آیا
اس پہ برٹوری کی ہیریٹ کو تھینک یو بھی مجھے ہی کہنا پڑتا
پھر کلیان، رشی اور ہمارا عیسائی دوست، جسے ہم ’’جیگوار‘‘ کہا کرتے تھے، شکار کے لیے نکل جاتے، جسے وہ سیر و سیاحت کہتے۔ یہ ماں کے مار کو پولوچین تھوڑے ہی جاتے؟ بس میرین ڈرائیو پہ پہنچ کر دو، دو سو گرام گنڈیریاں چوستے، کچھ چھلکے بولے وارڈ پہ پھینکتے اور کچھ سمندر میں اور لہروں کے ساتھ انھیں واپس آتے ہوئے دیکھتے۔ یعنی ان کی ہر چیز کچھ دُور جا کر واپس آتی ہوئی دکھائی دیتی۔ پھر وہسکی کی بھولی بسری یاد میں یہ لوگ گیلی اور نمکین مونگ پھلی کھاتے۔ آخر بدمزہ ہو کر نریمان پوائنٹ پہ سولہ مِلی میٹر کی پروپیگنڈا فلم دیکھنے لگتے ، جس کو حکومت کسی اندیشے میں مفت دکھاتی۔ پھر گھبرا کر گھر لوٹ آتے، جہاں ان کی بیویاں ان سے دن بھر کی کار گزاری لفظ بہ لفظ سننے پہ اصرار کرتیں اور ان کے جھوٹ کو سچ اور سچ کو جھوٹ سمجھتیں۔ ایک حبس کے احساس کے ساتھ ان کا جی پھر باہر بھاگ جانے کو چاہنے لگتا۔
درحقیقت ہم سب کا گھر باہر ہو رہا تھا اور باہر گھر —جب شہر کی طرف جاتے تو یوں معلوم ہوتا جیسے گھر لوٹ رہے ہیں، اور گھر لوٹتے تو یوں لگتا جیسے باہر نکال دیے گئے۔ اس ’باہر‘ کی کھلی ہوا میں بیوی کے پھپھوندی لگ جاتی۔ ہاتھ لگاؤ تو ہاتھ پہ چلی آتی، جس سے گھبرا کر ہم اسے ’گھر‘ چلنے کا مشورہ دیتے لیکن وہ صاف جواب دے جاتی—گھر میں خرچ ہوتا ہے۔ ہم یہیں ’’باہر‘‘ اچھے ہیں۔
آج ہم پیرسین ڈیری جانے کے لیے نکلے تھے۔ اگر آپ بمبئی کے جغرافیے سے واقف نہ ہوں تو میں آپ کو بتادوں—پیرسین ڈیری ایک ریستوران ہے جو بمبئی کی میک موہن لائن پہ واقع ہے۔ یعنی شہر کی سرحد وہاں ختم ہو جاتی ہے اور سمندر شروع ہوتا ہے۔ ڈیری کا لفظ تھوڑا مغالطے میں ڈالتا ہے، کیونکہ وہاں گاے بھینس نہیں ہوتیں، صرف کچھ موٹی عورتیں ہوتی ہیں، جن کے اسکرٹ اور ساریاں سمندر سے آنے والی تیز ہوا، اُڑاتی رہتی ہے اور جنھیں سنبھالے ہوئے ان کا معنوی حُسن اور بڑھ جاتا ہے اور عشق کے مار کو پولو موہوم امیدیں لیے سامنے بیٹھ کر سیو سیو پیا کرتے ہیں،جو سیب کے رس سے بنتا ہے اور جس کے لیبل پہ صاف لکھا ہے—اس میں شراب نہیں ہے!… کولا سے گھبرا کر لوگ سیو سیو پیتے ہیں اور سیو سیو سے وحشت ہوتی ہے، تو کولا پہ لوٹ آتے ہیں، جیسے پڑھے لکھے لوگ پالیٹکس سے گھبرا جاتے ہیں تو سیکس پہ چلے آتے ہیں اور جب سیکس سے وحشت ہونے لگتی ہے تو پھر پالٹیکس پہ لوٹ آتے ہیں اور جب دونوں بے کار ہو جائیں، تو جیوک باکس میں ایک چوَنی ڈال کر اپنے مطلب کا ریکارڈ سننے لگتے ہیں۔
اپنا اپنا پیار کا سپنا
آخر باہر چل دیتے ہیں
کلیان کے پاس ایک پھٹیچرسی گاڑی تھی، جس کی بیٹری ایک ادھیڑ عمر کی عورت کی طرح بات بات پہ ناراض ہو جاتی تھی اور بعض وقت تو کوئی بات بھی نہ ہوتی تھی اور یہ ڈاؤن!… ایک عجیب طرح کی کلائی میکٹرک دور آیا تھا۔ اُس پہ حیض ویض سب ختم ہو چکا تھا۔ اور وہ بے حد چڑچڑی ہو رہی تھی۔ سب کے سامنے اسے سڑک پہ دھکیلتے ہوئے ہم عجیب سے لگتے تھے۔ اس وقت وہ سب کمینے جنھوں نے ہماری طرف دیکھ کر کبھی سر بھی نہ ہلایا تھا، فوراً پہچان جاتے اور آواز دیتے— ’’ہیلو شرماجی…‘‘ اور میں جواب میں ان سے وہی سلوک کرتا جو پھٹیچرگاڑی سے پہلے وہ مجھ سے کرتے۔ ایسی خالی نگاہوں سے ان کی طرف دیکھتا کہ انھیں واقعی میں کوئی اور دکھائی دینے لگتا۔ اور وہ اس قدر گھبرا جاتے کہ پھر مجھے بھی وہ کوئی اور دکھائی دینے لگتے۔
ہم ابھی دادر ونسٹ روڈ پر سے گزر رہے تھے، جب کہ مجھے یاد آیا پروڈیوسر ڈھولکیا نے سویرے ایک لڑکے کی معرفت مجھے بلوا بھیجا تھا۔ امید ایکا ایکی ، ہائیڈروجن بم کے ککرموتے کی طرح میرے حواس پہ چھا گئی۔ جذبات اور خیالات کا ایک دوسرے پہ سلسلہ وار عمل اور ردّ عمل ہونے لگا۔ جبھی میں نے زور سے آواز دی ’’روکو کلیانی، گاڑی روکو۔‘‘
کلیانی نے حیران ہو کر میری ہنکار کو سُنا۔
رشی ہانپتے ہوئے بولا’’تو سمجھتا ہے پہلے چل رہی ہے؟‘‘
داس نے سر ہلا دیا۔ وہ دم لینے کا کوئی بھی بہانہ چاہتا تھا، اس لیے پرے چل کر فٹ پاتھ پر بیٹھ گیا۔ اگلے ہی لمحے وہ مُردے کی طرح مطمئن نظر آ رہا تھا۔
میں نے اپنے لہجے میں اور منّت پیدا کی— ’’یار میں بھول ہی گیا… ڈھولکیا نے بلوایا ہے… شاید۔‘‘
’’وہ سب ہنڈل مارتا ہے‘‘ کلیان نے سر کو جھٹکا دیتے ہوئے کہا— ’’ہم اس کی پکچر کا فوٹوگرافی کیا—ایک دم انگلش!…پھر کیا ہوا؟‘‘
میں نے کلیان کو تسلی دیتے ہوئے کہا ’’سالا اس کا اپنا فوکس خراب ہے۔‘‘
ڈھولکیا ایک آنکھ سے کانا تھا۔
آپ تو جانتے ہیں۔ بے کار لوگ جتنی جلدی ناراض ہوتے ہیں، اس سے جلدی خوش بھی ہو جاتے ہیں۔ ہنستے ہوئے اس نے گاڑی کا وہیل دادر روڈ کی طرف گھما دیا۔ کچھ دیر میں ہم اسٹوڈیو کے سامنے تھے۔ کلیان نے باقیوں کو روک لیا اور مجھے اندر جانے کے لیے کہا۔ خود بونٹ اٹھا کر وہ گاڑی میں یوں دھنس گیا کہ باہر صرف دو ٹانگیں دکھائی دینے لگیں۔ معلوم ہوتا تھا کوئی بچہّ اُلٹا پیدا ہو رہا ہے۔
میں چاہتا بھی نہ تھا، جیگوار، رشی ، داس اور کلیان میں سے کوئی میرے ساتھ اسٹوڈیو میں چلے۔ بعض وقت کسی کی ایسی بات بھی ماننا پڑ جاتی ہے جو آدمی ہر کسی کے سامنے نہیں مان سکتا۔ ادھر جب ہر کسی کی پکچر بیٹھ رہی تھی، ڈھولکیا صاحب کی چل نکلی، اور اس نے جوبلی منائی۔ اب اسے قابل لوگوں کی ضرورت تھی۔ میں قابل نہ سہی لیکن اوسط درجہ کا آرٹسٹ ضرور تھا… نہیں نہیں، مجھے میرے اسی انکسار نے مارا ہے، جو اس شو بزنس میں نہیں چلتا۔ خود اپنا ڈھول پیٹنا پڑتا ہے۔ آخر میرے مقابلے کا کریکٹر ایکٹر اور تھا کون؟ جرنلسٹ پاگل تو نہیں تھے جنھوں نے تصویر’’ مہا ملن‘‘ میں ایوارڈ مجھے دلوایا تھا۔ غالباً اسی بات سے مرعوب ہو کر ڈھولکیا نے مجھے بلوایا تھا۔ چونکہ وہ خود ڈھولکیا تھے، اس لیے ہر بات میں اپنا ڈھول پیٹنے کے ساتھ بیچ میں کہیں میرا بھی پیٹ ڈالا ہو گا۔
اسٹوڈیو میں پہنچا تو ڈھولکیا صاحب سامنے بیٹھے ہوئے مل گئے۔ وہ اس وقت ایک ایکسٹرا لڑکی کا اس کے سپلائر کے ساتھ جھگڑا چکا رہے تھے۔ مجھے آتا دیکھ کر لڑکی ایک طرف ہٹ کے کھڑی ہو گئی۔ ڈھولکیا صاحب ایسے ہی چوکنّے ہو گئے۔ ایک خواہ مخواہ کا تناؤ پیدا ہو گیا۔ ایک تیز سی نظر سے سب نے ایک دوسرے کی طرف دیکھا۔ آنکھوں ہی آنکھوں میں کسی پنچ شیل پہ دستخط ہو گئے اور کومل وہاں سے سٹک گئی۔
ڈھولکیا صاحب مجھ سے باتیں کرنے لگے۔ اور میں ان کی باتوں کے بین السطور، اپنا مطلب ڈھونڈنے لگا۔ بات اتنی بڑھ گئی کہ بین السطور تو سب دکھائی دینے لگا، سطور گم ہو گئیں۔ آخر پتا چلا ڈھولکیا صاحب نے مجھے کلّو کی وادی کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے بلوایا ہے، جہاں وہ آؤٹ ڈور کے لیے جا رہے تھے۔
’’کلّو کی وادی بہت خوب صورت ہے‘‘ میں نے کہا ’’کلّو‘‘ میں ناشپاتیاں ہوتی ہیں اور سیب ہوتے ہیں۔‘‘
’’اور کیا ہوتا ہے؟‘‘ ڈھولکیا صاحب نے پوچھا۔
’’اور…؟ میں نے کچھ سوتے ہوئے کہا ’’کلّو میں سیب اور ناشپاتیاں ہوتی ہیں۔‘‘
میں دراصل بھول گیا تھا۔ اس لیے نہیں کہ کلّو گئے مجھے پندرہ بیس برس ہو گئے تھے، بلکہ اس لیے کہ اس وقت دماغ پہ زور دینے کی کوئی وجہ نظر نہ آتی تھی۔ مجھے ڈھولکیا صاحب سے کوئی دلچسپی نہ رہی تھی۔ روئے زمین کے کسی آدمی سے کوئی دلچسپی نہ رہی تھی۔ اس پہ بھی میں کہہ رہا تھا اور ’’کلو میں پتھریلی زمین ہوتی ہے، جس میں کہیں سے ہریالی پھوٹ نکلتی ہے۔‘‘
ڈھولکیا کو میری ہریالی سے دلچسپی نہ تھی۔
میں نے انھیں بتایا ’’وہاں لُگڑی —چاولوں کی شراب ہوتی ہے، جسے پی کر مرد اور عورتیں باہر —بازار میں نکل آتے ہیں۔‘‘
’’پھر ؟… پھر کیا ہوتا ہے؟‘‘
’’پھر مرد — عورت کے گلے میں بانہہ ڈال کر جھومنے لگتا ہے۔ ساتھ اس کے گلے میں پڑے ہوئے چنبیلی کے ہار جھومنے لگتے ہیں۔ اور وہ بڑے عاشقانہ انداز سے اس کی نشیلی آنکھوں میں اپنی نشیلی آنکھیں ڈالتا ہوا کہتا ہے— ’’تو میری جوئی—مطلب، بیوی۔‘‘
’’مطلب —کسی عورت کے گلے میں بانہہ ڈال کر؟‘‘
’’اجی نہیں‘‘ میں نے کہا ’’اپنی بیوی کے …‘‘
’’او—‘‘اور ڈھولکیا صاحب کچھ مایوس سے نظر آنے لگے۔ عام فلمی کہانی نے ان کے مذاق کو چوپٹ کر دیا تھا اور وہ ناتمام غیرمنتج زندگی کے عادی نہ رہے تھے۔ میں نے کہا۔ ’’کلّو کی لڑکیاں بے حد خوب صورت ہوتی ہیں۔ ڈھولکیا صاحب… ایک سگریٹ ایک سیٹی ان کے لیے بہت ہوتے ہیں‘‘ اور پھر سوچتے ہوئے بولا ’’یہ جب کی بات ہے، اب تو شاید پورے کارٹن کی ضرورت پڑے یا دس کے نوٹ—‘‘
ڈھولکیا صاحب نے سر ہلا دیا۔ میں سمجھ گیا، فلم میں یا لو لاکھ روپیا بھی کچھ نہیں ہوتا اور یا پھر ایک کھوٹا پیسا بھی بہت بڑی دولت ہوتا ہے۔ ڈھولکیا چونکہ تین تصویریں بنارہے تھے، اس لیے خرچ، ان کی بچت ہو گیا تھا۔ بولے ’’ہم کلّو میں دسہرے کا سین لیں گے…وہاں کی سو لڑکیوں کے ساتھ … لوکل ٹیلنٹ!‘‘ اور پھر انھوں نے وہ آنکھ ماری جو پہلے ہی مری ہوئی تھی۔
تھوڑی دیر میں، میں اسٹوڈیو کے کمپاؤنڈ میں آ چکا تھا۔ اوپر دیکھا تو سر پہ آسمان ہی نہ تھا۔ کمپاؤنڈ میں ایک فوارہ تھا جس میں کبھی پانی نہ آیا تھا اور اس کے کارن اِرد گِرد کی باڑ خشک ہو چکی تھی اور ہریالی کے بغیر اسٹوڈیو کا پورا منظر ایک کھنڈر ہو چکا تھا۔ کچھ دُور جا کر میرے پیر جیسے اپنے آپ رُک گئے اور میں لوٹ آیا۔ ڈھولکیا صاحب کے پاس پہنچتے ہوئے میں نے کہا —   ’’وہ — آزادی سے پہلے کی بات تھی ڈھولکیا صاحب! کہیں کوئی کام دلوائیے۔ کوئی چار چھ سین کا رول۔‘‘
’’میرے پاس کچھ نہیں ہے‘‘ ڈھولکیا بولے ’’بیسیوں بار تمھیں بتا چکا ہوں۔‘‘
’’کچھ تو بچا ہو گا‘‘ میں نے یوں ہی امید کا دھوکا پیدا کرتے ہوئے کہا ’’کچھ میرے حصے، میری تقدیر کا۔ آپ تو اَن داتا ہیں۔ رائٹر سے کہہ کے ایک آدھ رول بڑھوا دیجیے۔‘‘
ڈھولکیا صاحب نے میری طرف یوں دیکھا جیسے کوئی بہت بُری چیز کی طرف دیکھتا ہے اور سر ہلا دیا۔ اب وہ مجھے دھندلے دھندلے سے نظر آ رہے تھے۔ جب بھی میں بولتا گیا ’’ہمارا کوئی رول نہیں؟…کہیں بھی—ہمارا کوئی رول نہیں؟‘‘
ڈھولکیا صاحب نے ایک غیریقینی انداز سے میری طرف دیکھا، اور پھر منھ پرے کر لیا۔ ان کا نچلا ہونٹ جو پان کی پیک سے سُرخ اور سیاہ ہو چکا تھا، لٹکا ہوا تھا اور وہ چھوٹے سے ترمورتی نظر آ رہے تھے۔ اس وقت تو وہ تیسرا چہرہ تھے، جس پہ قہر کے جذبات ہوتے ہیں۔ ایسے میں شیو، جس کی طرف دیکھتے ہیں وہ فنا و برباد ہو جاتا ہے… میں نے اِدھر اُدھر دیکھا، کوئی قریب نہ تھا۔ چنانچہ میں نے ان کے پیر پکڑ لیے اور بولا ’’آپ جو بھی کہیں گے میں کروں گا ڈھولکیا صاحب… میں سچ کہتا ہوں، میرے بیوی بچّے بھوکوں مر رہے ہیں—میں مر رہا ہوں۔‘‘
اس پہ ڈھولکیا صاحب ہنس دیے۔ ’’مر جاؤ‘‘ وہ بولے ’’دنیا میں سینکڑوں لوگ روز مرتے ہیں، ایک تم مر گئے تو کیا ہو گا۔‘‘
’’میں مر گیا تو… ‘‘ میں نے اپنے آپ کو سوچتے ہوئے پایا…’’کچھ نہیں ہو گا۔‘‘
جب تک کومل واپس آ چکی تھی، اور ڈھولکیا صاحب اس کا جھگڑا چکانے کے لیے اندر چلے گئے۔
میں باہر چلا آیا اور سوچنے لگا، ترمورتی کا ایک چہرہ وہ بھی تو ہے جس میں شیو بھگوان ، پوری کائنات پہ مسکراتے ہیں۔ جب پودے کھِل اُٹھتے ہیں اور ان کے کاندھوں پہ چھوٹے چھوٹے، یوں ہی ہوائیں دامن میں دونوں جہان کی دولت لیے اٹکھیلیاں کرتی ہوئی چلتی ہیں۔ اور ان کے کاندھوں پہ چھوٹے چھوٹے بادلوں کی مٹکیاں ہوتی ہیں، جن میں صحت کی شراب ہوتی ہے، جسے راستے میں آنے والے ہر چھوٹے بڑے کو پلاتی ہوئی وہ گزرتی جاتی ہیں اور اس وقت… یہ کس کا کہنا ہے، میں مر جاؤں گا تو کیا ہو گا؟ … میں بتاتا ہوں کیا ہو گا۔ میری بیوی جو میری وجہ سے کسی کے سامنے سر نہیں جھُکاتی، پناہ کے لیے میرے بھائی کے پاس چلی جائے گی۔ اس کے گلے میں رسّی ہو گی اور منھ میں گھاس…اور میری چھوٹی بھابی اس سے وہ سلوک کرے گی جو کوئی کھاج ماری کُتیا سے کرتا ہے۔ میں خود اپنی بیوی سے بدسلوکی کرتا ہوں۔ بہت غصّہ آئے تو کچھ کھینچ مارتا ہوں— میں جانور ہوں، لیکن— میں اسے خود ماروں گا۔ کاٹ ڈالوں گا، مگر کسی دوسرے کو اس کی طرف آنکھ بھی نہ اُٹھانے دوں گا… اور میرے بچّے —ڈالی، چنوں… ان کو بدن سے لگاتا ہوں تو میرا اپنا شریر گدرا جاتا ہے… معلوم ہوتا ہے، وہ گوشت ہی گوشت ہے، ہڈی اس میں نام کو نہیں… وہ مر جائیں گے گوشت بھی نہیں رہے گا، ہڈی بھی نہیں رہے گی… نہیں میں مر جاؤں گا تو یہ سب میری آنکھوں کے سامنے تو نہ ہو گا۔
پندرہ بیس گز کے فاصلے میں آدمی کتنا سوچ سکتا ہے، آپ کو اس کا اندازہ نہیں۔ میں نے سب پُرانے درشن شاستر اور آج کل کے نئے فلسفے سوچ ڈالے تھے ۔ میں نے جیل کی دیواریں سوچ ڈالی تھیں، محلوں کے کنگرے سوچ ڈالے تھے۔ کسی نے گنگا میں ایک ڈبکی لگاتے ہوئے پوری زندگی جی ڈالی تھی، تو میں نے بھی اتنے عرصے میں ایک نہیں کئی زندگیاں جی لی تھیں۔ ایسی زندگیاں جن میں آدمی مرتا نہیں، صرف شکل بدل لیتا ہے… پھر یہ موت سے ڈر کیسا تھا؟ میری بیوی … بچّے… کسی دوسری شکل میں ان کی بھی شکل دوسری ہو گی!… نہیں، میں انھیں انہی شکلوں میں دیکھنا چاہتا ہوں۔ مادّۂ حیات اپنی اَن گنت جمع تفریق میں کتنا ہی اپنے آپ کو دُہرائے، کتنا ہی سر کو کیوں نہ پٹکے، ایسی پیاری شکلیں پھر نہ بنا سکے گا۔ نہ ایسی ہنسی دیکھنے میں آئے گی نہ ایسی خوشی اور نہ ایسا رونا…آخر رونا اور پھر رونے والے کو پچکارنے ، دِلاسا دینے میں بھی تو ایک مزا ہے… لیکن… کیا آدمی اتنا ہی کٹھور ہو گیا ہے؟— کہیں کوئی مر جائے، اسے پروا نہیں کیونکہ اس کا حلوہ مانڈا، اس کے بوٹی کباب، شراب اور عورت بنے ہیں۔ میرے دو بچّے ہیں۔ ڈالی بڑی لڑکی ہے تین سال کی اور چنوں سال سوا سال کا ہے—بیٹا… پنگورے میں پڑا، اونی سوئٹر میں پھنسا ہوا، وہ بالکل ایک بلّی کا بچّہ معلوم ہوتا ہے۔ میری بیوی اسے ڈالی سے زیادہ پیار کرتی ہے، اس لیے کہ وہ مقابل کی جنس کا ہے—نرجو میری نسل کو آگے چلائے گا۔ یہ ٹھیک ہے۔ مگر میری نسل—ایک بے کار، بے ہودہ آدمی کی نسل… چنوں کو پیار کرتی ہوئی وہ آدھی پاگل ہو جاتی ہے۔ اسے نہلا دھُلا کر لاتی ہے اور ایک نرم سے تولیے سے اس کا بدن پونچھتی ہے۔ وہ ہنستا روتا، مچلتا ہے اور میری بیوی اسے گدگدی کرتی ہے۔ ایسا کرنے میں اس کے اپنے گدگدی ہونے لگتی ہے۔ میں جو دیکھتا ہوں اس کی بھی گدگدی ہونے لگتی ہے۔ جیسے میری بیوی کی انگلیاں چنوں کے بدن پہ نہیں، میرے بدن پہ ناچ رہی ہیں۔
تھوڑی ہی دیر میں ہم کیڈل روڈ پہ جا رہے تھے۔ جو لوگ بمبئی کے جغرافیے سے واقف ہیں، جانتے ہیں دادر سے پیرسین ڈیری جانے کے لیے نکلیں، تو کیڈل روڈ راستے پہ نہیں پڑتی۔ ایسے لوگوں کو میں بتا دوں، اگر کسی مرد کا نام کلیان ہواور اس کی بیوی کا نام راجی… اور درشن نام کی کوئی لڑکی راستے میں آ پڑے، تو پھر کیڈل روڈ بھی پڑسکتی ہے۔ درشن کلیان کی ’وہ‘ تھی، اگرچہ کلیان بے کار تھا، پانچ بچّوں کا باپ تھا۔ اس کی گاڑی کھٹارہ تھی، اس پہ بھی درشن کلیان کے لیے— ’’یہ سب کچھ اور جنت بھی‘‘ کا رتبہ رکھتی تھی اور ہم کلیان کو ہمیشہ اس بے راہ روی پہ ڈانٹا کرتے تھے۔ لیکن اس دن مجھے پتا چلا—سب ٹھیک ہے… اگر وہ سب ٹھیک ہے تو یہ بھی ٹھیک ہے… کلیان ڈھولکیا کی طرح کا نہ تو ہول سیلر تھا اور نہ کسی کی مصیبت سے فائدہ اٹھانے والا … درشن تو ایسے ہی تھی، جیسے راہ جاتے کسی کے گھر میں لگے جھاڑ سے رات کی رانی کی خوشبو آ جائے… انسان کہاں تک اپنی ناک بند کر کے چل سکتا ہے؟… وہ یہ سب کرنا چاہتا ہے اور پھر بیٹھ کر رونا، پچھتانا بھی… اگر وہ روئے پچھتائے نہیں، تو ہمارے مندر، ہماری مسجدیں اور گرجے کہاں جائیں؟ کہاں جائیں اسکولوں کے ماسٹر اور قوموں کے راہنما؟… بڑی بڑی نصیحتیں، لمبے چوڑے بھاشن اور گنجلک فلسفے؟… لیکن ہم ابھی درشن کے فلیٹ پہ پہنچے ہی کہاں تھے۔ سامنے کسی حادثے کی وجہ سے ٹریفک رُک گئی تھی
جہاں سے ٹریفک رُکنا شروع ہوئی تھی۔ وہاں کچھ دو منزلہ بسیں کھڑی تھیں۔ آخری بس کے پیچھے کچھ کاریں ، وین اور ٹھیلے وغیرہ تھے جن میں سے لوگ لپک لپک کر موقع واردات پہ پہنچ رہے تھے۔ کچھ لوگ گاڑیوں میں بیٹھے پاں پاں ٹاں ٹاں کر رہے تھے اور کچھ لوگ اِدھر اُدھر ہو کر نکل جانا چاہتے تھے، لیکن ایک گٹھی ہوئی لائن میں پھنس چکے تھے۔اگر کوئی نکلتا بھی تو مخالف سمت سے آتی ہوئی گاڑیاں اسے جگہ نہ دیتیں۔
کیا ہوا؟ کون ماں کا لال تھا، جو آج بیچ سڑک کے پڑا تھا؟ آج کس کی پیاری کا انتظار صدیوں پہ پھیل گیا تھا؟… میرا دل ڈوبنے لگا۔
ہم تینوں چاروں، گاڑی سے نکل کر لپکے۔ ڈھولکیا کے الفاظ میرے کانوں میں گونج رہے تھے۔ ایک تم مر گئے تو کیا ہو گا؟… کیا واقعی، کچھ نہ ہو گا؟ یہ جو چل بسا ہے اس کے مرنے پہ بھی کچھ نہ ہو گا؟ شاید انسان اتنا ہی سنگ دل ہو گیا ہے… جب ہی اس نے ایک دوسرے کو تہس نہس کرنے کے لیے اس قدر خوفناک ہتھیار ایجاد کر لیے ہیں۔ ایسی سنگ دِلی اور بے رحمی کے بغیر جن کا استعمال ہی ممکن نہ تھا… کیا اس بدقسمت کے لیے کوئی نہیں مرے گا؟… کوئی اپنا خون نہیں بہائے گا؟… انسان کے لیے کوئی امید نہیں
جب تک ہم موقع پہ پہنچ چکے تھے… لوگ ہنس رہے تھے —یہ کیسے لوگ تھے؟
پھر کچھ اور قہقہے پڑے اور کسی کے پیچھے کی طرف بھاگنے کی آواز آئی۔جیگوار ہم سب سے لمبا تھا۔ بھیڑ کے پیچھے کھڑے ہو کر اُس نے ایڑیاں اُٹھائیں اور سڑک پہ دیکھا۔ اُف! صورت کیسی مسخ ہو چکی ہو گی، بس کے ساتھ ٹکرانے سے چیتھڑے اُڑ چکے ہوں گے اور خون— جبھی جیگوار لوٹا تو وہ بھی ہنس رہا تھا۔ میں بھاگ کر بس کی لینڈنگ پہ جا کھڑا ہو، جہاں سے میں نے دیکھا
وہ نظارہ میں زندگی بھر نہ بھولوں گا، جس کے دیکھنے کے بعد لوگوں کی زبان پہ قہقہے تھے اور میرے گلے میں آنسو، جن کے بھنور میں ڈھولکیا اور اس کی قماش کے سب لوگ ڈوب گئے تھے اور جن سے انسان کی معصیت دھُل گئی تھی— ایک بِلّی کا بچّہ بائیں حصّہ پہ تقریباً سڑک کے بیچ بیٹھا ہوا تھا اور بس کے ڈرائیور کنڈکٹر اور دوسرے لوگ اسے ہٹانے، بھگانے کی کوشش کر رہے تھے۔ لیکن وہ اپنی جگہ پہ گل محمد ہو رہا تھا!
وہ بے حد خوب صورت تھا — بِلّی کا بچّہ!… مشکل سے دو مہینے کا ہو گا۔ اس کا رنگ سفید تھا، جس پہ کہیں کہیں شربتی سے چھینٹے دکھائی دیتے تھے۔ آنکھوں پہ دو گہرے نارنجی سے داغ تھے جن میں سے اس کی پیلی، چمکتی ہوئی آنکھیں اور بھی پیلی چمکیلی دکھائی دے رہی تھیں۔ معلوم ہوتا تھا کوئی عورت کچھ بُنتی ہوئی ادھر سے نکلی ہے اور اُس کے پرس یا ٹوکری میں سے اُون کا گولا سڑک پہ گِر گیا ہے
ایک طرف اوٹو ایکسپریس تھی، قریباً بارہ فٹ اونچی اور دوسری طرف وہ تھا، بلّی کا بچّہ ! جو اپنے بے بضاعت وجود کے باعث مقابلے میں اور بھی بے بضاعت ہو گیا تھا۔ کنڈکٹر اسے بچانے ، سڑک پر سے ہٹانے کے لیے بڑھا تو وہ اسی پہ جھپٹ پڑا۔ اس بظاہر بے ضرر، اُون کے گولے میں نہ جانے کہاں سے تیز نوکیلے پنجے نکل آئے ہیں، جنھوں نے کنڈکٹر کے ہاتھ پہ خراشیں پیدا کر دیں اور ان میں سے خون کے باریک سے قطرے اُمڈنے لگے۔ اس پہ بھی کنڈکٹر خفا نہیں، اُلٹا ہنس رہا تھا۔
’’ہے نا سالا‘‘ وہ کہہ رہا تھا ’’اسی کی جان بچانے کے لیے یہ سب کر رہے ہیں، اور یہی نہیں جانتا۔‘‘
’’کتنا ناشکرا ہے‘‘ ایک عورت نے کہا۔
اور وہ بدستور کھڑا ابھی تک کنڈکٹر کو گھور رہا تھا اور غرّانے کی نقل اُتار رہا تھا۔ جیسے کوئی چیلنج دے رہا ہو — ’’بیٹا پھر تو آؤ!‘‘ اور جب کنڈکٹر نے ہمت نہ کی، تو وہ پھر تھوڑا پیچھے ہٹ کر وہیں بیٹھ گیا، اور گلاب کی پتّی سی زبان نکال کر اپنی پیٹھ چاٹنے لگا۔
ڈرائیور نے کچھ بیزاری کے لہجے میں کنڈکٹر سے کہا ’’کتنے لیٹ ہو گئے یار—‘‘ گویا اس خوبصورت حادثے میں بچارے کنڈکٹر کا قصور تھا۔
بس کے بازو میں ایک ٹھیلے والا تھا، جس کے ٹھیلے پہ تیزاب کی بڑی بڑی بوتلیں پڑی تھیں۔ گویا ایک طرح کا بارود تھا، جو ذرا سی ٹھوکر لگنے پر پھٹ سکتا ہے۔ وہ اپنی گھبراہٹ میں پسینہ پسینہ ہو رہا تھا۔ بلّی کے بچے کے پاس پہنچتے ہوئے ٹھیلے والے نے دو ہاتھ اس کی طرف جوڑ دیے اور بولا۔
’’اب اُٹھ جا میرے باپ… بہت ہو گئی۔‘‘
اسے آگے بڑھتے دیکھ کر بلّی کا بچّہ پھر تننے لگا۔ بھیّا ذرا ڈر کر پیچھے ہٹا، تو بلّی کے بچّے نے ایک نہایت ہی لطیف مترنم سی آواز نکالی
’’میں آؤں۔‘‘
اس پہ سب ہنس پڑے اور بس کا ڈرائیور بولا ’’ہاں حضور— آپ آئیے۔‘‘
جب تک کچھ اور ٹریفک پیچھے رُک گئی تھی اور ڈرائیور لوگ ہارن بجا رہے تھے۔
ایک مرسی ڈیز سے کوئی خوب رو نوجوان نکلا، اور لمبے لمبے ڈگ بھرتا ہوا منظر پہ چلا آیا۔ پہلے تو وہ بلّی کے بچّے کی طرف دیکھ کر ٹھٹکا۔ پھر اس نے سب کو پیچھے دھکیل کر ایک ٹھڈے سے قصّہ ہی پاک کر دینا چاہا۔ جبھی لوگ لپکے۔ ’’ہے ہے، ہے ہے‘‘کی آواز بلند ہوئی اور وہ خوش پوش نوجوان اپنے جامہ کو عملی جامہ نہ پہنا سکا— ’’کیا بکواس ہے وہ بولا، گیارہ بجے میرا جہاز اُڑ جاتا ہے۔‘‘
لوگ اس کی طرف یوں دیکھ رہے تھے، جیسے اس کی روح بھی اُڑ جائے تو پروا نہیں۔ نوجوان نے غصّے سے ہاتھ اپنی پتلون میں ٹھونس لیے اور پسپا ہو گیا۔ پھر اپنی اعصاب زدگی میں آگے —— اور مجبور و مقہور لوٹ گیا، بکتا جھکتا ہوا ——‘‘ یہ اسی ملک میں ہو سکتا ہے… ایک بلّی کا بچّہ اتنے بڑے شہر کی ٹریفک روک سکتا ہے۔‘‘
ایک نے مسخری کی— ’’پولس کو بلوائیے صاحب۔‘‘
نوجوان نے زور سے پیر زمین پر مارا اور بولا ’’میں ابھی ٹیلی فون کرتا ہوں— فائر برگیڈ والوں کو۔‘‘
اور سب ایک آواز میں ہنس دیے۔ جب ہی مجمع میں سے آوازیں آئیں ’’گیا گیا‘‘۔
کسی کو خیال بھی نہ تھا، اس بات کا گمان بھی نہ تھا کہ اتنے بڑے مسئلے کا حل یوں ایک پل میں ہو جائے گا۔ بلّی کا بچّہ جیسے اپنے آپ کسی اندرونی ترغیب سے اُٹھا۔ بیچ میں سے کمر اوپر اُٹھائی، دُم تانی جس کے سرے پہ شربتی رنگ کا ایک بڑا سا گپھا تھا۔ پھر اگلے پنجے آگے رکھے، پچھلے پیچھے، اکڑا ،گلابی سا منھ کھول کر جمائی لی۔ ارد گرد کے پورے منظر کو کچھ تعلق اور کچھ بے تعلقی سے دیکھا اور ایک نہایت ہی سُست رفتار میں سڑک کے دائیں طرف چل دیا۔
’’گیا نرسی بھگوان—‘‘ بس کے ڈرائیور نے کہا۔
’’گیا… گیا…‘‘ سب نے تالی بجائی اور ہنستے ، کلکاریاں مارتے ہوئے اپنی اپنی گاڑی کی طرف لپکے۔ گاڑی کو راستے سے ہٹانے، ہَوا ہو جانے کے لیے۔ لیکن وہ —بلّی کا بچّہ ، بڑی تمکنت سے چلتا ہوا، اب دائیں طرف تقریباً سڑک کے بیچ پھر دھرنا مارکر بیٹھ گیا۔ اب مخالف سمت کی ٹریفک رُکنا شروع ہوئی۔ بائیں طرف سے نکل جانے کا کوئی راستہ نہ تھا۔
کوئی اس فضول سی زندگی کو روندتا ہوا نکلنا بھی چاہتا ،تو لوگ اسے روک دیتے اور وہ اپنے سامنے بے شمار زندگیوں کی ایک چٹّان سی کھڑی پاتا، جن کے ہونٹوں پہ کف بھی ہوتا اور ہنسی بھی۔ پھر وہی منظر دُہرایا جانے لگا۔
عجیب نادر شاہی تھی—بلّی کے بچّے کی، اور عجیب تخت طاؤس تھا اس کا۔
بیٹھنا ہی تھا تو کہیں اور بیٹھتا… اتنی جگہ تھی اس کے لیے ۔
شاید بلّی کے بچّے کا مطلب تھا، دھرتی کے اس حصّے پہ تمھارا حق ہے، تو میرا بھی ہے
میں اس پہ کھیلوں گا اور وہ کھیلنے لگا۔ وہ تھوڑی سی جست بھرتا، اور کچھ خیالی چوہے پکڑ کر پھر وہیں آبیٹھتا، اور سب کی طرف دیکھتے ہوئے کہتا—تم تو دن رات اس پہ چلتے ہو۔ آج میں آبیٹھا ہوں تو آفت آ گئی۔
تم تو بڑی بڑی مشینوں کے ساتھ دندناتے پھرتے ہو۔ میں چلتا ہوں تو آواز بھی نہیں ہوتی۔ شور روکنے کے لیے پیروں میں گدّے باندھ رکھے ہیں اور یہ ناخن تو صرف بچاؤ کے لیے ہیں۔ ایک رول تمھارا ہے، ایک میرا!
معاملہ مذاق کی حد سے بڑھا جا رہا تھا۔ جب ہی بھیڑ کے بیچ سے کسی بچّی کی آواز آئی۔ ’’میرا سومو۔‘‘… اب جھلاّنے والے لوگوں کی تعداد بڑھ رہی تھی۔ ہو سکتا تھا کوئی اتنا امیر ہو گیا ہو، کہ اسے عام آدمی کے خیالات، بلّی کے بچّے کے جذبات کی ذرا بھی پروا نہ ہو، اس لیے جیگوار نے لپک کر بلّی کے بچّے کو کمر سے اُٹھا لیا۔ بجلی کی پھرتی کے ساتھ بڑے بڑے ناخن کسی نہ دکھائی دینے والی سے لپکے اور اگلے ہی لمحے جیگوار کی قمیص میں گڑے ہوئے تھے۔ لیکن جیگوار نے آمدورفت کے لیے سڑک خالی کر دی تھی اور گاڑیاں چلنے لگی تھیں۔
اب جیگوار فٹ پاتھ پہ کھڑا بلّی کے بچّے کے سر پہ ہاتھ پھیر رہا تھا۔ تھوڑی دیر میں اس جانور کے پنجے جیسے اپنے آپ اندر چلے گئے۔ خرخر کی آواز سی اس کے پورے بدن میں سنسنانے لگی۔
جب کلیان نے اپنی کھٹارہ گاڑی کا اسٹارٹر گھمایا تو بلّی کا بچّہ سامنے اپنی گلاب کی پتّی سی زبان سے پشت کو صاف کر رہا تھا۔ جبھی ایک جھٹکے کے ساتھ بچّے نے سر اٹھایا۔ ایک جست لی اور نیچے آ رہا۔ اسے کوئی بو آ گئی تھی — مُنّی پڑوس کی ایک لڑکی مٹی کی ٹھلیا میں دودھ لے آئی تھی۔ جس میں مُنھ ڈال کر بلّی کا بچّہ پُسر پُسر دودھ پی رہا تھا۔
سچ! اگر پورے شہر کا ٹریفک رُک سکتا ہے تو … تو

٭٭٭

No comments:

Post a Comment

Labels

aa ki kahawtain (13) Aabi Makhnavi (4) Aadam Shair (6) Aan Ziban or Jan (2) Abdul Hameed Adam (2) Acceptance (3) Afghan (1) Africa (2) afzal rao gohar (4) Ahmad Faraz (137) Ahmad mushtaq (23) Ahmad nadeem qasmi (12) Ahmed Faraz (5) Al Aula (1st Year) (6) alama semab akbar abadi (32) Aleppo (2) alif ki kahawtain (8) Allama Muhammad Iqbal (82) andra warma (2) Answer (4) anwar masuod (2) Auliya Allah (2) Aurat (6) aziz ajaz (3) Baa ki kahawtain (18) babu gopinath (2) Bahadur Shah Zafar (2) bail or gadha (2) band e quba (1) bano qudsia (3) barish (30) Beautiful Urdu Barish Ghazal (23) Beautiful Urdu poetry By Allama Semab Akbar Abadi (29) Bismil Azeem Abadi (18) Books (11) brautifull Urdu Poetries by parveen shakir (3) cha ki kahawtain (10) Children (2) China (2) chor (5) College (3) daal ki kahawtain (10) Dagh Dehlawi (118) Democracy (2) Democracy & Pakistan (2) dhal ki kahawtain (2) DHRAAM (1) dil (2) Divorce (10) download (7) Eain ki kahawtain (2) Education (5) Eid Ka Chand (3) elam (5) eman (3) English (142) English PROVERBS (96) Faiz Ahmad Faiz (21) faraiz (6) Fatawa (14) Finance (7) gaaf ki kahawtain (8) geet (52) ghazal (1279) Ghazal naaz ghazal (2) Ghazals by mirza asadullah ghalib (123) Ghulam Hussain (2) Ghulam Ibn e Sultan (5) girl (3) ha ki kahawtin (3) haa ki kahawtain (4) Hadisa (2) hadisain (223) Hajj (3) halaku khan (2) Halima Saadia (2) Hasrat Mohani (2) haya (4) Hazar Al Ebaha (3) Hazrat Abu Bakr Siddiq (2) hijab (13) hikayaat (48) history (35) huqooq (2) Ibn e Insha (87) ibraheem dahlvi zooq (2) iftkhar arif (2) Imran Sereis Novels (8) India (3) intkhab Ahmad nadeem qasmi (7) Intzar hussain (2) Ishq (3) islamic (319) Islamic Books (8) Islamic Poetries (10) Islamichistory (18) Janazah (2) Jawab (3) jeem ki kahawtain (13) Jihad (2) jumma (2) kaf ki kahawtain (15) karam hadri (2) khaa ki kahawtin (4) Khawaja Haider Ali aatish (2) king (6) Krishn Chander (5) Krishna Chander (6) laam ki kahawtain (4) Letter (2) Love (5) maa (9) Madrasa (3) Maka Zunga (2) Makrohat (3) Manzoor Hussain Tuor (2) marriage (2) Masnoon Duain (2) Maulana Faiz ul Bari sab (2) Mazameen (96) Mazhar Kaleem (9) Mazhar ul Islam (3) meem ki kahawtain (12) Menses (3) mera jee (71) mir taqi mir (252) mirza asadullah ghalib (126) mohsin naqvi (12) molana tajoor najeeb abadi (2) molvi (6) mufsdat (2) muhammad bilal khan (2) mukalma (2) Munshi Prem Chand (4) Musharraf Alam zauqi (6) muskrahat (2) Mustahabbat (3) muzaffar warsi (3) naatain (8) namaaz (14) nasir kazmi (5) nikah (5) noon ki kahawtain (5) Novels (15) Novels Books (11) pa ki kahawtain (8) Pakistan (4) parveen shakir (50) poetry (1309) Poetry By Ahmed Fawad (41) Professor Ibn Kanwal (4) PROVERBS (370) qaaf ki kahawtain (2) qateel shafai (5) Question (3) Qurbani (2) ra ki kahawtain (3) Raees Farogh (27) Rajinder Singh Bedi (39) Reading (2) Rozah (4) Saadat Hasan Manto (39) sabaq aamoz (55) Sabolate Aager (2) saghar nizami (2) saghar Siddiqui (226) Sahih Bukhari Sharif (78) Sahih Muslim Shareef (4) Sahih Muslim Sharif (48) saifuddin saif (2) Salma Awan (11) Samaryab samar (4) Sarwat Hussain (5) Saudi Arabia (2) sauod usmani (2) Sawal (3) School (3) seen ki kahawtain (10) Shakeel Badauni (2) sheen ki kahawtain (2) sirat al nabi (4) Sister (2) Society (7) Stop adultery (2) Stories (218) Students (5) Study (2) Sunan Abu Daud Shareef (39) Sunan Nasai Shareef (49) Sunnat (5) syed moeen bally (2) Syeda Shagufta (6) Syrian (2) ta ki kahawtain (8) Taharat (2) Tahreerain (100) Taqdeer (2) The Holy Quran (87) toba (4) udru (14) UMRAH (3) University (2) urdu (239) Urdu Beautiful Poetries By Ahmed Faraz (44) URDU ENGLISH PROVERBS (42) Urdu Poetry By Ahmed Faraz (29) Urdu Poetry By Dagh Dehlawi (117) Urdu poetry By Mir Taqi Mir (171) Urdu Poetry By Raees Farogh (27) Urdu potries By Mohsin Naqvi (10) URDU PROVERBS (202) urdu short stories (151) Urdu Short Stories By Aadam Shair (6) Urdu Short Stories by Ghulam Hussain (2) Urdu Short Stories by Ishfaq Ahmed (2) Urdu Short Stories by Krishn Chander (5) Urdu Short Stories by Krishna Chander (6) Urdu Short Stories by Munshi Prem Chand (2) Urdu Short Stories By Professor Ibn Kanwal (4) Urdu Short Stories by Rajinder Singh Bedi (39) Urdu Short Stories By Saadat Hasan Manto (5) Urdu Short Stories By Salma Awan (11) Urdu Short Story By Ghulam Ibn e Sultan (5) Urdu Short Story By Ibn e Muneeb (11) Urdu Short Story By Mazhar ul Islam (2) Urdu Short Story By Musharraf Alam zauqi (6) Valentine Day (9) wadu (3) wajibat (4) wajida tabassum (2) waqeaat (59) Wasi Shah (28) wow ki kahawtain (2) writers (2) Wudu (2) yaa ki kahawtain (2) yaer (2) za ki kahawtain (2) Zakat (3) zina (10)